اسلام آباد (آئی این پی)ایوانِ بالا سینیٹ نے پیٹرولیم ایکٹ میں ترمیم منظور کر لی۔بل کے مطابق حکومت آئی ٹی اور ریئل ٹائم کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی ڈیجیٹل ٹریکنگ اور ذخائر کی نگرانی کرے گی، پیٹرولیم مصنوعات کی پیٹرول اسٹیشن و ذخیرے کی جگہ تک ترسیل کی بھی ریئل ٹائم ٹریکنگ ہو گی۔پیٹرولیم ایکٹ میں ترمیم کے بل میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر پیٹرول امپورٹ، ٹرانسپورٹ، ذخیرہ، ریفائن یا بلینڈ کرنے پر 10 لاکھ روپے جرمانہ ہو گا، جرم دہرانے پر 50 لاکھ روپے جرمانہ عائد ہو گا۔بل کے مطابق لائسنس کے بغیر پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ یا فروخت کرنے پر ڈپٹی کمشنر کارروائی کرے گا، مشینری، مواد، اسٹوریج ٹینک اور پیٹرولیم مصنوعات کو ضبط کر کے مالک پر 1 کروڑ روپے جرمانہ ہو گا۔