دودھ کی دکان پر بچوں پر تشدد، ملزم پکڑا گیا

عدیل،عادل گلشن راوی میں دودھ دہی دکان پر کام کرتے تھے
لاہور(کرائم رپورٹر)گلشن راوی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کمسن بچوں پر مبینہ تشدد کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم شہیر نے رستم پارک کے علاقے میں دودھ دہی کی دکان قائم کر رکھی تھی، جہاں کم عمر بچے کام کرتے تھے ملزم پر الزام ہے کہ اس نے کام کرنے والے بچوں، عدیل اور عادل، کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔اطلاع ملنے پر گلشن راوی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو موقع سے گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مزید تفتیش کے لیے کیس کو انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ایس پی اقبال ٹائون سدرہ خان نے ایس ایچ او گلشن راوی اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کام پر رکھے گئے بچوں پر کسی بھی قسم کا تشدد ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔