مہمان نوازی کے تقاضے کے تحت جاوید اختر کو کرسی فراہم کی تھی:علی ظفر

لاہور (شوبز ڈیسک) گلوکار اور اداکار علی ظفر نے بھارتی نغمہ نگار جاوید اختر کو اپنے گھر عشائیے پر مدعو کرنے کی وجہ بتا دی۔جاوید اختر نے فروری 2023 میں اپنے دور پاکستان کے دوران متنازع بیانات دیے تھے، جس کے بعد علی ظفر کی جانب سے ان کی میزبانی کرنے پر بھی سوالات اٹھائے گئے تھے۔ایک پوڈکاسٹ میں انٹرویو کے دوران اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے علی ظفر نے بتایا کہ جاوید اختر نے گھٹنے کی تکلیف کے باعث فرش پر بیٹھنے سے معذرت کرتے ہوئے کرسی فراہم کرنے کی درخواست کی تھی، جبکہ دیگر مہمان فرش پر بیٹھے ہوئے تھے، تاہم مہمان نوازی کے تقاضے کے تحت میں نے جاوید اختر کے لیے کرسی کا انتظام کر دیا تھا۔علی ظفر نے وضاحت پیش کی کہ جب جاوید اختر میرے گھر آئے تھے اس وقت تک مجھے ان کے متنازع بیانات کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا، کیونکہ وہ فیض میلے میں شرکت کر کے سیدھا میری طرف آئے تھے۔ان کا کہنا ہے کہ جاوید اختر نے میرے گھر آنے کے بعد مجھ سے اس حوالے سے بات نہیں کی، اگر مجھے ان بیانات کا پہلے سے علم ہوتا تو میں یا تو اس پر معذرت کرتا یا انہیں بتاتا کہ کسی ملک کے مہمان بن کر وہاں قیام کے دوران اس کے بارے میں اس طرح کے عمومی بیانات دینا نامناسب اور حقائق کے منافی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بعد میں جاوید اختر نے خود مجھ سے رابطہ کیا اور اس تنازع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میاں، یہ ہو گیا ہے۔