راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ شریف برادران کا نام ذہن میں آتے ہی ترقی کا تصور آتا ہے، جبکہ کچھ لوگوں کا نام آتے ہی بدتمیزی اور ماردھاڑ ذہن میں آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت کے دوران ملک ترقی کرتا ہے، اور ان کے جانے کے بعد دوبارہ پیچھے جانے لگتا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے انتظار میں بیٹھے لوگوں کو مایوسی ہوئی ہے، اور ن لیگ کے سوا کسی نے پنجاب میں ایک بھی اینٹ نہیں لگائی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں چھ ماہ میں ایک ہزار نئی سڑکیں بنیں گی، اور میٹرو بسوں کے ساتھ ساتھ الیکٹرک بسیں بھی عوام کے لیے تحفہ ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کے کسی شہر یا شہری میں کوئی تفریق نہیں، اور پنڈی کے لیے 80 بسوں کا تحفہ دیا جا رہا ہے۔