ڈھاکہ(سپورٹس ڈیسک )بنگلادیش ویمن ٹیم کی کپتان نگار سلطانہ نے فاسٹ بولر جہاں آرا عالم کے الزامات مسترد کردئیے۔بنگلادیشی فاسٹ بولر جہاں آرا عالم نے ایک انٹرویو میں کپتان نگار سلطانہ پر ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ مار پیٹ کے الزامات لگائے تھے جسے بورڈ نے بے بنیاد قرار دیا تھا۔تاہم اب بنگلادیشی کپتان نگار سلطانہ نے بھی جہاں آرا عالم کے مارپیٹ الزامات کی تردید کردی ہے۔نگار سلطانہ نے بھارتی کپتان ہرمن پریت کور پرطنز کرتے ہوئے کہا کہ میں کیوں کسی کو ماروں گی؟ میں کیوں اسٹمپس کو اپنے بیٹ سے ماروں گی، کیا میں ہرمن پریت کور ہوں جو اپنے بیٹ سے اسٹمپس کو اسی طرح ماروں ؟ ۔بنگلادیشی کپتان کا کہنا تھا کہ میں نجی زندگی میں کچھ بھی کرسکتی ہوں، مجھے اس کی اجازت ہے، میں اپنے ہیلمٹ کو بیٹ سے مارسکتی ہوں لیکن میں ایسا دوسروں کے ساتھ کیوں کروں گی؟ میں کسی کے ساتھ فزیکل کیوں ہوں گی؟ بس اس لیے کہ کسی نے کہہ دیا ہے، کھلاڑیوں سے پوچھا جا سکتا ہے کہ کیا کبھی میں نے ایسا کیا ہے۔واضح رہے کہ 2 سال قبل بھارت اور بنگلا دیش کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان شیر بنگال نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے کیچ آئوٹ ہونے کے بعد امپائر کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے وکٹ پر زور سے بیٹ دے مارا تھا۔