دوران سفر گرین الیکٹرک بس میں خاتون نے بچی کو جنم دیدیا

 ماں  آصفہ اور بچی دونوں محفوظ ، خاتون اڈہ پینسرہ کی رہائشی ،ریسکیو ٹیم  نے بروقت کارروائی کی
 جڑانوالہ (آ ن  لائن)دوران سفر گرین الیکٹرک بس میں خاتون نے بچی کو جنم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں جھنگ روڈ پر ایجوکیشن بورڈ آفس کے قریب دوران سفر گرین الیکٹرک بس میں خاتون نے بچی کو جنم دیدیا۔ترجمان زاہد لطیف نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم فوری موقع پر پہنچی۔ امدادی ٹیم نے بچی کو جنم دینے والی 35 سالہ خاتون آصفہ زوجہ ظفر اور نومولود بچی کو ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا، جہاں ماں اور بچی دونوں محفوظ ہیں، خاتون اڈہ پینسرہ کی رہائشی ہے۔ ریسکیو ٹیم کی بروقت کارروائی کو اہلِ علاقہ کی جانب سے سراہا گیا۔