اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایک مرتبہ پھر غزہ کے حوالے سے جارحانہ پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج جلد ہی غزہ پٹی پر مکمل کنٹرول حاصل کرلے گی۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ غزہ میں جھڑپیں شدید ہو چکی ہیں لیکن اسرائیلی فوج مسلسل پیش رفت کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "ہم غزہ میں جنگ کے آخری مرحلے کی طرف بڑھ رہے ہیں، ہمارا مقصد مکمل فتح اور حماس کو مکمل طور پر غیر مؤثر بنانا ہے۔"یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے باعث شدید انسانی بحران جنم لے چکا ہے، ہزاروں افراد جاں بحق یا زخمی ہو چکے ہیں، اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے جنگ بندی کے مطالبات میں شدت آ رہی ہے۔
وزیراعظم نیتن یاہو نے بین الاقوامی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنے دفاع اور شہریوں کی سلامتی کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ان کے اس بیان پر فلسطینی اتھارٹی اور کئی بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ غزہ پر مکمل قبضے کی صورت میں خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔