بارش سے متاثرہ میچ میں زلمی 150رنز کا ہدف حا صل نہ کر سکے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے دی
راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپرلیگ سیزن 10 کے 29ویں گروپ میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 26 رنز سے شکست دے کر پلے آف کیلیے کوالیفائی کرلیا۔راولپنڈی میں آندھی اور بارش کی وجہ سے میچ کا ٹاس تاخیر سے ہوا جس کے بعد اوورز کو 20 کے بجائے ایک اننگز میں 13 تک محدود کیا گیا۔ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندرز نے فخر زمان کی 60 رنز کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت زلمی کو مقررہ 13 اوورز میں جیت کیلیے 150 رنز کا ہدف دیا تھا۔زلمی کی دعوت پر لاہور قلندرز کا بیٹنگ کا آغاز اچھا رہا اور 3 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 49 رنز بنائے۔لاہور قلندرز نے دھواں دار بیٹنگ کی اور مقررہ 13 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔ فخر زمان 60 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔زلمی کے احمد دانیال، رضا اور ڈینئیل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ پشاور کے کھلاڑیوں کی خراب فیلڈنگ کی وجہ سے قنلدرز کے کھلاڑیوں کو فائدہ بھی ملا۔پشاور زلمی نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز سستی کے ساتھ کیا اور 20 کے مجموعی اسکور پر صائم ایوب پویلین لوٹ گئے، پھر 35 کے مجموعی اسکور پر محمد حارث بھی آؤٹ ہوگئے۔زلمی کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹک سکا اور صرف 53 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹی، اس کے بعد بھی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور مقررہ 13 اوورز میں پشاور زلمی کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 128 رنز ہی بناسکی۔زلمی کی جانب سے سب سے زیادہ 26 رنز ڈینیئل سیمز نے بنائے جبکہ احمد دانیال 24 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے اور 6 کھلاڑی تو ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکے۔قلندرز کے سلمان مرزا نے 4، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ سکندر رضا اور حارث رؤف نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔قبل ازیںکوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے دی۔گلیڈی ایٹرز نے سلطانز کا 186 رنز کا ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔پی ایس ایل کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر ایک اور فتح اپنے نام کرلی۔راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 186 رنز کا ہدف دیا ہے۔ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے تھے۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، اوپنر یاسر خان 45 اور جہانزیب سلطانز 25 رنز بناکر نمایاں رہے۔طیب طاہر 36، شاہد عزیز 29، ہمایوں الطاف 16 اور پیٹر ہیٹزوغلو ایک رن بناکر آئوٹ ہوئے۔عثمان طارق نے تین، محمد وسیم، ابرار احمد، فہیم اشرف اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز حسن نواز 67 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، جبکہ خواجہ نافع 51 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔سلطانز کے شاہد عزیز تین وکٹیں حاصل کر کے نمایاں بلے باز رہے۔قبل ازیں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، انکا کہنا تھا کہ لیگ کے آخری میچ میں فتح سمیٹنے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے کہا کہ میچ میں کامیابی کیساتھ پلیآف مرحلے میں پہنچنا چاہتے ہیں۔