حدِ رفتار کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی:ترجمان سنٹرل ریجن
لاہور(کرائم رپورٹر)سنٹرل ریجن میں حدِ رفتار مہم کے دوران بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اوور اسپیڈنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق نئی سپیڈ لمٹ کی خلاف ورزی پر 12 ہزار 990 سے زائد چالان جاری کیے گئے ہیں۔موٹروے پولیس سنٹرل ریجن نے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کرتے ہوئے قومی شاہراہوں پر سخت انفورسمنٹ یقینی بنائی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ایم سی ون (لاہور) نے نئی سپیڈ لمٹ کی خلاف ورزی پر 5 ہزار 641 چالان کیے۔اسی طرح ایم سی ٹو زون ملتان میں بھی مؤثر کارروائیاں کی گئیں جہاں 3 ہزار 752 چالان جاری کیے گئے، جبکہ این-5 سنٹرل زون لاہور نے کریک ڈاؤن کے دوران 3 ہزار 597 چالان کیے۔ترجمان سنٹرل ریجن کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پر قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ایندھن کی بچت کو فروغ دینا اور شہریوں کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے۔موٹروے پولیس نے واضح کیا ہے کہ حدِ رفتار کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کی عملداری ہر حال میں برقرار رکھی جائے گی۔