ڈولفن سکواڈ کا شہر کی اہم شاہراہوں پر مسلسل گشت

 جاتی عمرہ سمیت مختلف علاقوں میں ڈولفن ٹیموں اور سیکٹر انچارجز کی سرپرائز چیکنگ 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں امن و امان کے قیام کیلئے ڈولفن سکواڈ فرنٹ لائن فورس کے طور پر سرگرم عمل ہے۔ لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید نے علی الصبح شہر کے مختلف سیکٹرز کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ترجمان ڈولفن کے مطابق عید کی آمد کے پیش نظر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے جبکہ ناکہ جات پر سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈولفن سکواڈ کی ٹیمیں شہر کی اہم شاہراہوں پر مسلسل گشت کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جا سکے۔ایس پی ڈولفن نے گلبرگ، بھیکے والا موڑ، جاتی عمرہ سمیت مختلف علاقوں میں ڈولفن ٹیموں اور سیکٹر انچارجز کی سرپرائز چیکنگ کی اور ایمرجنسی 15 کالز پر ریسپانس کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ای پولیس ایپ کے ذریعے مشکوک افراد کی چیکنگ کے عمل پر بھی بریفنگ لی۔لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مشکوک موٹرسائیکلوں اور افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور کرائم ایریاز میں پٹرولنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے اہلکاروں کو تاکید کی کہ وہ پروفیشنل انداز میں ڈیوٹی سرانجام دیں اور ایس او پیز کی مکمل پابندی کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی 15 پر فوری اور مؤثر ریسپانس ڈولفن سکواڈ کی بنیادی ذمہ داری ہے، جبکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا فورس کی اولین ترجیح ہے۔