سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی پر الزام عائد کیا کہ وہ قومی سلامتی کے معاملات میں سنجیدہ نہیں ہیں اور صرف فوج کی وردیاں اچھالنے کے لیے اکٹھے ہوتے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی آئی کا قومی سلامتی کے حوالے سے موقف ہمیشہ متنازعہ رہا ہے، خاص طور پر جب فوج کے خلاف بیانات دینے کی بات آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کے قومی سلامتی کے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتیں موجود تھیں سوائے پی ٹی آئی کے، اور یہ بات ہمیشہ سامنے آتی ہے کہ جب بھی قومی سلامتی پر بات ہوتی ہے، بانی پی ٹی آئی اس میں شریک نہیں ہوتے۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے قائدین کا مقصد صرف پاک فوج کو بدنام کرنا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاست کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کسی ایک ادارے کے خلاف نہیں بلکہ ملک کے خلاف ہے، اور جب بھی دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہوتا ہے، پی ٹی آئی فوج کے خلاف بیانات دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف فوج کی کامیاب کارروائیوں کی مثالیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے 36 گھنٹوں میں تمام مغویوں کو بازیاب کرایا اور دہشت گردوں کا قلع قمع کیا۔ مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی سے درخواست کی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کے ساتھ کھڑی ہو اور فوج کی حمایت کریں۔