فیفا ورلڈکپ 2026 کے پہلے میچ میں پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اپنی توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھا سکے، جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔
ڈی آر کانگو کے خلاف کھیلا گیا میچ 1-1 سے برابر رہا۔ پرتگال نے ابتدا میں برتری حاصل کی جب جواؤ نیویس نے گول اسکور کیا، تاہم ٹیم یہ برتری برقرار نہ رکھ سکی اور پہلے ہاف کے اختتام سے قبل یوآنے ویسا نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔رونالڈو نے پورے 90 منٹ کھیلنے کے باوجود نہ کوئی شاٹ آن ٹارگٹ لگایا اور نہ ہی کوئی نمایاں موقع پیدا کر سکے، جبکہ دو آسان مواقع بھی ضائع کر بیٹھے۔سابق انگلش فٹبالر جے بوتھروئیڈ نے سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رونالڈو کو اب ابتدائی لائن اپ کا حصہ نہیں ہونا چاہیے اور انہیں صرف آخری لمحات میں بطور متبادل استعمال کیا جانا چاہیے۔
ان کے مطابق موجودہ صورتحال میں رونالڈو ٹیم کے لیے فائدے سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہو رہے ہیں۔دوسری جانب پرتگال کے کوچ روبرٹو مارٹینیز نے اپنے کپتان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں رونالڈو کو میدان سے باہر نکالنا درست فیصلہ نہیں ہوتا جب ٹیم کو گول کی ضرورت ہو۔واضح رہے کہ پرتگال کو اب اگلے میچ میں ازبکستان کے خلاف لازمی فتح درکار ہے تاکہ اگلے مرحلے میں رسائی کی امید برقرار رکھی جا سکے۔