گاڑیوں میں فائر ایکسٹنگوئشر لازمی قرار

لاہور(کرائم رپورٹر)قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور مسافر و مال بردار گاڑیوں میں فائر ایکسٹنگوئشر کی موجودگی لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق فائر ایکسٹنگوئشر کا نہ ہونا جان و مال کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے، جبکہ زائدالمعیاد فائر ایکسٹنگوئشر بھی قابل قبول نہیں ہوگا۔ آتشزدگی کے واقعات سے بچا ئو اور عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے خصوصی فائر سیفٹی مہم شروع کر دی گئی ہے جو 24 جون تک جاری رہے گی۔موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل اپنی گاڑی میں موجود فائر ایکسٹنگوئشر کی حالت اور معیاد ضرور چیک کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو سکیترجمان نے خبردار کیا ہے کہ 24 جون کے بعد فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ فائر ایکسٹنگوئشر ایک اہم حفاظتی آلہ ہے جو بروقت استعمال سے قیمتی جانیں اور املاک بچا سکتا ہے۔ محفوظ سفر کے لیے مکمل حفاظتی تیاری ناگزیر ہے۔