اوکاڑہ جیل، سکیورٹی خامیوں پر اہلکار معطل

 انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات سالک جلال نے چارج سنبھالنے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ کا دورہ کیا،نتظامی امور کا تفصیلی معائنہ
 لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ کا پہلا اچانک دورہ کیا اور جیل کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی، ملاقاتی نظام، جیل ہسپتال، کچن، گودام، چیف منسٹر لٹریسی پروگرام، پرزنر ویلفیئر اسٹور، اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز، بیرکس اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران ملاقاتی نظام اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات مجموعی طور پر تسلی بخش پائی گئیں، تاہم متعدد سیکیورٹی اور انتظامی خامیاں بھی سامنے آئیں جن میں سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزیاں، قیدیوں کی گنتی میں غفلت، تلاشی کے ناقص انتظامات، موبائل جیمنگ سسٹم کے غیر فعال یونٹس اور مالی و انتظامی بے ضابطگیاں شامل تھیں۔ دوران معائنہ ایک قیدی کے قبضے سے 300 روپے نقد رقم بھی بر آمد ہوئی جس پر فوری کارروائی کا حکم دیا گیا۔ سنگین غفلت اور قواعد کی خلاف ورزیوں پر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل، متعلقہ عملے اور تلاشی پر مامور وارڈر کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا جبکہ سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل سے وضاحت طلب کر لی گئی۔ آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ جیلوں میں سیکیورٹی، نظم و ضبط اور ایس او پیز پر عملدر آمد کسی صورت قابلِ سمجھوتہ نہیں اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے تمام سپرنٹنڈنٹس جیل کو سیکیورٹی، تلاشی، مالی نظم و نسق اور اصلاحی پروگراموں کی م ئوثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔