قاہرہ میں سادہ لباس اہلکاروں نے مارچ میں شریک ناروے کے دو،ایک ہسپانوی کو اغواء کیا اور ان پر تشدد کیا
قاہرہ (آئی این پی )غزہ میں نسل کشی کے خلاف مصر کی سرحد تک مارچ کرنے والے عالمی کارکنوں کا کہنا ہے کہ مصری سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور اغواء کیا گیا۔عالمی خبررساںادارے کے مطابق قاہرہ میں سادہ لباس اہلکاروں نے مارچ میں شریک 3غیر ملکی کارکنوں کو اغواء کیا اور ان پر تشدد کیا۔مارچ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ناروے کے یوناس سیلہی، حذیفہ ابوسریعہ اور ہسپانوی فلسطینی کارکن سیف ابو کشیک کو قاہرہ کے ایک کیفے سے زبردستی اٹھایا گیا۔ سیلہی کے مطابق انہیں اور ان کے ساتھیوں کو آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر مارا پیٹا گیا اور پوچھ گچھ کی گئی، سیف ابو کشیک پر مبینہ طور پر وحشیانہ تشدد کیا گیا۔4ہزار سے زائد کارکن 80 مختلف ممالک سے مارچ میں شرکت کے لیے مصر پہنچے تھے، جنہیں قاہرہ کے باہر چیک پوائنٹس پر روکا گیا۔ ترجمان کے مطابق کارکنوں کو بات چیت کے بعد اچانک سکیورٹی اہلکاروں نے زبردستی بسوں میں دھکیلنا شروع کردیا، کئی افراد کو مارا پیٹا گیا جن میں بعض کو ہسپتال پہنچانا پڑا، ایک خاتون کو بھی چہرے پر مکا مارا گیا۔