اسرائیلی حملے غزہ میں جاری انسانی بحران اور نسل کشی کو پسِ پشت نہیں ڈال سکتے، ان واقعات کو شام تک پھیلنے نہیں دینا چاہیے، رہنمائوں کی ٹیلیفونک گفتگو
انقرہ (آئی این پی ) ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو مشرق وسطیٰ کے امن و سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دے دیا۔ترکی کے نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی گلوبل کے مطابق رجب طیب اردوان نے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس کی تفصیلات ترکیہ کے صدارتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئیں۔ترکیہ کے صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ اس خطے کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔دوران گفتگو انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کے حالیہ حملوں کے بعد شروع ہونے والے تنازع پر ترکیہ بھرپور سفارتی روابط میں مصروف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے غزہ میں جاری انسانی بحران اور نسل کشی کو پسِ پشت نہیں ڈال سکتے، ان واقعات کو شام تک پھیلنے نہیں دینا چاہیے۔