لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جہلم میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے دوران فرض کی راہ میں قربان ہونے والے پولیس کانسٹیبل حیدر علی حسین کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے دوران اہلکار حیدر علی حسین شہید ہو گئے۔ گزشتہ روز جہلم میں شہریوں کو ریسکیو کرتے ہوئے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے کانسٹیبل کا جسد خاکی مل گیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پوری فورس شہید کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہے، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ متاثرہ علاقوں میں پولیس جوان بغیر کسی خوف کے متاثرین کو ریسکیو کر رہے ہیں۔ پولیس کی جانب سے عارضی رہائش، خوراک، ادویات اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ کنٹرول سنٹرز سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ آر پی اوز اور ڈی پی اوز خود ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ دریاؤں کے کنارے آباد علاقوں میں پٹرولنگ یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔