لاہور(کرائم رپورٹر)سبزہ زار پولیس نے کمیونٹی پالیسنگ کی بہترین مثال قائم کرتے ہوئے قرآن پاک کی تعلیم دینے والی معمر خاتون تسلیم اختر کی دس سال سے رکی ہوئی رقم واپس دلوا دی۔تفصیلات کے مطابق خاتون تسلیم اختر نے پلاٹ کی خریداری کے لیے حاجی خوشی نامی شخص کو 18 لاکھ روپے ادا کیے تھے تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود نہ پلاٹ ملا اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔ معاملہ سامنے آنے پر ایس ایچ او سبزہ زار بشارت گورائیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فریقین کو طلب کیا اور قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے خاتون کو 12 لاکھ روپے واپس دلوائے جبکہ باقی 6 لاکھ روپے کی ادائیگی کے لیے باقاعدہ اشٹام پیپر پر تحریری معاہدہ بھی کروا دیا۔معمر خاتون تسلیم اختر نے رقم کی واپسی پر سبزہ زار پولیس کے اقدام کو سراہتے ہوئے دعائیں دیں اور کہا کہ پولیس کی بروقت مداخلت سے انہیں انصاف ملا ہے۔ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر نے ایس ایچ او بشارت گورائیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کے ساتھ ساتھ کمیونٹی پالیسنگ کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو فوری اور عملی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔