وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں شادی کی تقریبات میں ون ڈش پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ شادی کی تقریبات میں ون ڈش کی خلاف ورزی کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ فارم ہاؤسز اور پرائیویٹ پراپرٹی پر ہونے والی شادیوں پر بھی یہ قانون لاگو ہوگا، اور کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ کوئی خلاف ورزی نہ ہو۔مریم نواز نے ون ڈش پالیسی کی خلاف ورزی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی خلاف ورزی استطاعت نہ رکھنے والے والدین پر مالی بوجھ بنتی ہے، جبکہ متعدد ڈشز کی روایت کے منفی سماجی اثرات بھی سامنے آتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ خلاف ورزی پر جرمانے اور قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، اور اگر کہیں خلاف ورزی رپورٹ ہوئی تو متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو ذمہ دار سمجھا جائے گا۔حکومتی احکامات کے بعد انتظامیہ نے مختلف اضلاع میں چھاپے مارنے اور شادی ہالز کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ون ڈش پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔