رجب بٹ نے جنگلی حیات پر آگاہی کا وی لاگ جاری کردیا

لاہور(آئی این پی)ٹک ٹاکر رجب بٹ نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے جنگلی حیات پر آگاہی وی لاگ جاری کر دیا۔لاہور کی مقامی عدالت کی جانب سے لائسنس کے بغیر شیر کا بچہ رکھنے پر ٹک ٹاکر رجب بٹ کو ہر ماہ جنگلی حیات سے متعلق آگاہی وی لاگ کرنے کی سزا سنائی گئی تھی۔ جس پر عمل کرتے ہوئے رجب بٹ نے اپنا پہلا وی لاگ سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا ہے۔ 36منٹ دورانیہ کے وی لاگ کے آغاز میں دو منٹ تک جنگلی حیات سے متعلق آگاہی دی گئی، جس میں رجب بٹ نے پنجاب وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی تعریف کی۔ٹک ٹاکر نے اپنے پیغام میں کہا کہ جنگلی جانوروں سے محبت کریں تو وہ بھی محبت کرتے ہیں، لیکن انہیں گھروں میں رکھنا ہمارے اور ان جانوروں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔رجب بٹ نے عوام سے اپیل کی کہ جنگلی جانوروں کو رکھنے کے لیے حکومت نے جو قوانین بنائے ہیں، ان پر مکمل عمل کیا جائے تاکہ انسانوں اور جانوروں دونوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔