لاہور(کرائم رپورٹر)ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے پولیس نے حفاظتی اقدامات کے تحت کئی موٹرویز بند کر دی ہیں ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم۔11 دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔موٹروے ایم۔5 ملتان سے ظاہر پیر تک دھند کی وجہ سے بند ہے، جبکہ ہیوی ٹرانسپورٹ کے لیے رحیم یار خان سے روہڑی تک ایم۔5 کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہیسید عمران احمد نے خبردار کیا کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے روڈ یوزرز لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حتی الامکان دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں دھند کے دوران صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔ ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس کا لازمی استعمال کریں، تیز رفتاری سے اجتناب کریں اور آگے جانے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔موٹروے پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل تازہ صورتحال سے آگاہی حاصل کریں۔ کسی بھی قسم کی رہنمائی یا مدد کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔