اکیڈمی کے باہر جھگڑا، طالب علم جاں بحق

 ہربنس پورہ میں 16 سالہ عبداللہ زخمی ہوا ، ہسپتال میں چل بسا، ملزم عمر، علی اور انشال گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر) ہربنس پورہ میں اکیڈمی کے باہر طالب علموں کے درمیان ہونے والے لڑائی جھگڑے کے دوران 16 سالہ طالب علم عبداللہ جاں بحق ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ اور ایس ڈی پی او باغبانپورہ بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔پولیس کے مطابق ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ایس ایچ او ہربنس پورہ محمد عمران نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزم عمر، علی اور انشال کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔زخمی طالب علم عبداللہ کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیاپولیس اور فرانزک ٹیم نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لیے جبکہ لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کے لیے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے۔ مقتول کے چچا حاجی عبید کی مدعیت میں نامزد ملزمان سعد، عمر، علی، انشال اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے بتایا کہ دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔