لاہور (کرائم رپورٹر) سندر کے علاقے میں واقع ایک نجی اکیڈمی میں پرنسپل اور سکیورٹی گارڈ کی جانب سے طالب علم پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہیجس پر پولیس حکام نے فوری نوٹس لے لیا۔ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی رائیونڈ کو فوری طور پر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ان کا کہنا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے گا اور حقائق سامنے آنے پر ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔پولیس کے مطابق اکیڈمی میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے اور شواہد کی روشنی میں تحقیق و تصدیق کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طالب علم کو مبینہ طور پر نظم و ضبط کے معاملے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، تاہم حتمی حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔اہل علاقہ اور طالب علم کے اہل خانہ نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ میرٹ پر تفتیش جاری ہے اور کسی بھی فرد کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔