ہر سائل کا مسکراتے چہرے کے ساتھ استقبال کیا جانا چاہیے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

ججز کیلئے تالیاں نہ بجائیں، ججز ٹھیک ہوتے ہیں آپ  خراب کر دیتے ہیں، ہر سطح پرانصاف فراہم کرنا ججوں کی ذمہ داری ہے
 نظام انصاف کے اصل شراکت دار سائلین ہیں‘ گراس روٹ لیول تک انصاف کی فراہمی یقینی ہونی چاہیے:گھوٹکی بار سے خطاب
گھوٹکی(آئی این   پی‘آن لائن) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے کہا کہ ججز کیلئے تالیاں نہ بجائیں، تسلی سے انسان خراب ہو جاتا ہے، ججز ٹھیک ہوتے ہیں آپ انہیں خراب کردیتے ہیں۔گھوٹکی بار سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے کہا کہ بار کے تحفظات جلد دور کئے جائیں گے، جو میں نے کمٹمنٹ کی ہے ضرور پورا کروں گا۔چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے تقدس کو برقرار رکھا جائے، چیف جسٹس سندھ نے آپ کے تمام مسائل سے آگاہ کیا ہے۔جسٹس یحیی آفریدی نے کہا کہ میں آپ کے جذبات کی قدر کرتا ہوں، میرے لیے فخر کی بات ہے، ضلع گھوٹکی خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع سے بہتر ہے۔انہوں نے  کہا ہے  گراس روٹ لیول تک انصاف کی فراہمی یقینی ہونی چاہیے۔سپریم کورٹ کے تمام ججز کی آئینی ذمہ داری ہے  انصاف کی فراہمی ہر سطح پر کی جائیگی‘ہر سائل کا مسکراتے چہرے کے ساتھ استقبال کیا جانا چاہیے۔ چیف جسٹس پاکستان نے قانون برداری پر زور دیا کہ نظام انصاف کے اصل شراکت دار سائلین ہیں۔ اعلامیہ  کے مطابق ہر سائل کا مسکراتے چہرے کے ساتھ استقبال کیا جانا چاہیے۔ چیف جسٹس یحیی آفریدی نے جوڈیشل افسران کو محفوظ ماحول اور ضروری وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔