بجٹ سے فلم چوڑی، وژن سے بڑی بنتی ہے، پنکج تریپاٹھی

 ٹریلر ناظرین میں تجسس پیدا کرنے میں کامیاب ہو جائے تو وہ فلم دیکھنا چاہتے ہیں
ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار پنکج تریپاٹھی کا کہنا ہے کہ بجٹ سے فلم چوڑی بنتی ہے جبکہ وژن سے فلم بڑی بنتی ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران پنکج سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا فلم کا اسکیل سنیما گھروں میں ناظرین کی تعداد پر اثر انداز ہوتا ہے، تو انہوں نے کہا ٹریلر فلم کی کشش میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اگر ٹریلر ناظرین میں تجسس پیدا کرنے میں کامیاب ہو جائے تو وہ فلم دیکھنا چاہتے ہیں۔ بڑی فلموں کے لیے یقینا بہت زیادہ ہائپ بنانا پڑتی ہے، لیکن بجٹ سے فلم چوڑی بنتی ہے، جبکہ وژن سے فلم بڑی بنتی ہے۔49 سالہ پنکج تریپاٹھی کو فلم کی شوٹنگ بہار میں کرنے کا موقع ملا، اور اپنی آبائی ریاست میں شوٹنگ کا تجربہ ان کے لیے خاص رہا۔ اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ بچپن میں جن گلیوں سے سائیکل لے کر گزرا کرتے تھے، آج وہیں شوٹنگ کر رہے تھے۔ لوگ گھروں سے نکل کر اپنی چھتوں پر آ جاتے تھے کہ پنکج شوٹنگ کر رہے ہیں۔ بہار میں آج بھی میں پنکج سر نہیں بلکہ پنکج بھیا ہوں۔