شرکاء کی واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے چیکنگ کو یقینی بنایا گیا
سی سی ٹی وی کیمروں سے چرچ کی مانیٹرنگ،پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہے
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس آپریشنز ونگ کی جانب سے گڈ فرائیڈے کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات عمل میں لائے گئے۔گڈ فرائیڈے کی مناسبت سے مسیحی آبادیوں پر سپیشل سیکیورٹی پلان نافذکیا گیا۔ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ڈویڑنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز،ایس ایچ اوز فیلڈ میں موجود رہے۔ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران کے حکم پرگرجا گھروں، عبادت گاہوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے چرچ سروسز کے دوران پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔ گرجا گھروں میں آنے والے شرکاء کی واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے چیکنگ کو یقینی بنایا گیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے ہر چرچ کی مانیٹرنگ کی گئی۔ سپیشل برانچ اور ایلیٹ فورسز بھی سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور رہیں۔ چرچ سروسز کے اوقات میں ڈولفن اور پی آر یو کی مسلسل گشت کو بھی یقینی بنایا گیا۔ گرجا گھروں کے اطراف پارکنگ ایریاز کیلئے الگ سیکیورٹی ٹیمیں تعینات کی گئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بین المذاہب ہم آہنگی لاہور کی پہچان، شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ امن، برداشت اور رواداری کا ماحول برقرار رکھیں گے۔