پنجاب پولیس کا دستہ 35 نیشنل گیمز میں شرکت کرے گا

گذشتہ سال کی نسبت زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے: آر پی او طہر
لاہور(کرائم رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد کی زیر صدارت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 35 ویں نیشنل گیمز کی تیاریوں بارے کوچز، پیٹرنز، مینجرز اور ٹیمز کپتانوں کا سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان، ایڈیشنل آئی جی ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی محمد صلاح الدین اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن لاہور محمد نوید اجلاس میں موجود تھے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اجلا س میں نیشنل گیمز میں شرکت کرنے والی پولیس ٹیموں کی سکیورٹی، قیام و طعام اور طبی سہولیات کی فراہمی کے امور زیر غور آئے اس موقع پر آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل امجد نے کہا کہ پنجاب پولیس کے 573 کھلاڑیوں پر مشتمل دستہ 35ویں نیشنل گیمز میں 32 مختلف کھیلوں میں شرکت کرے گا۔ پنجاب پولیس کے کھلاڑی پرعزم ہیں اور گذشتہ سال کی نسبت زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر سپورٹس کی بہتری کے لئے پولیس کے کھلاڑیوں کو تمام وسائل فراہم کر رہے ہیں۔ نیشنل گیمز میں تمام صوبوں کے پیٹرنز، مینجر اور کوچز سے موثر کوارڈینیشن کے لئے فوکل پرسنز مقرر کئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی کراچی نے کہا کہ سندھ حکومت پنجاب سمیت تمام صوبوں کی پولیس ٹیموں کو بھرپور سہولیات اور معاونت فراہم کرے گی۔آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک، کمانڈنٹ چوہنگ ٹریننگ کالج محبوب اسلم للہ، ڈپٹی ڈائریکٹر بلوچستان سپورٹس پولیس، ڈائریکٹر سپورٹس خیبر پختونخوا، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی اور ایڈیشنل آئی جی جواد ڈوگر نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔