جو کہتے ہیں کوئی ڈیل ہو رہی ہے، ان کی عقل چلی گئی ہے: اعظم سواتی

جو کہتے ہیں کوئی ڈیل ہو رہی ہے، ان کی عقل چلی گئی ہے: اعظم سواتی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی نے حالیہ میڈیا گفتگو میں کہا کہ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ کوئی ڈیل ہو رہی ہے، ان کی عقل چلی گئی ہے۔

 راولپنڈی کی کچہری میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ عالیہ حمزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آئے ہیں، اور پارٹی کے بانی عمران خان ہمیشہ جمہوریت اور آئین کی حکمرانی کے لیے بات کریں گے۔اعظم سواتی نے مزید کہا کہ وہ باقاعدہ بات چیت کے لیے عارف علوی کا انتظار کر رہے ہیں، جو پچھلے ہفتے آنے والے تھے مگر اب اگلے ہفتے آئیں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنما نے یہ بھی واضح کیا کہ بات چیت کا مقصد صرف پارٹی رہنماؤں کی رہائی کے لیے نہیں ہے، بلکہ عمران خان نے تاریخ میں اپنا نام لکھوا لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی موجودہ حالت پر ان کا موقف ہے کہ "مانسہرہ میں ایک لاکھ ووٹ تھا، اب ایک بھی نہیں" اور اب پارٹی کی قیادت کی حیثیت پہلے جیسی نہیں رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت صرف عمران خان اور عوام کا ساتھ باقی ہے۔اعظم سواتی نے پارٹی کے اندر ہونے والی تنقید پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ اس پر کوئی رائے نہیں دیں گے۔