آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ٹریفک کے افسوسناک حادثے کے نتیجے میں بھارت سے اپنے بیٹے اور خاندان سے ملنے آنے والی خاتون اپنی بہو سمیت ہلاک ہوگئیں۔
بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر وشاکھاپٹنم سے تعلق رکھنے والی دو خواتین ایک سڑک حادثے میں جان کی بازی ہار گئیں۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ان کی گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی۔حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت 67 سالہ راما دیوی اور ان کی 33 سالہ بہو نیہا بوملی کے طور پر ہوئی ہے۔رپورٹس کے مطابق راما دیوی اپنے شوہر جی ٹی پرساد کے ہمراہ آسٹریلیا گئی تھیں۔ جی ٹی پرساد وشاکھاپٹنم ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق جوائنٹ سیکریٹری رہ چکے ہیں۔خاندان کے مطابق راما دیوی اپنے شوہر کے ساتھ آسٹریلیا اپنے اہل خانہ سے ملاقات، پوتے پوتیوں کے ساتھ وقت گزارنے اور ایک خاندانی تقریب میں شرکت کے لیے گئی تھیں، تاہم میلبورن میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے نے اس خاندانی دورے کو افسوسناک سانحے میں بدل دیا۔
حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد متعلقہ اداروں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حادثے کی مکمل وجوہات اور دونوں گاڑیوں کے تصادم سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔واقعے کی خبر بھارت میں بھی خاندان، عزیز و اقارب اور مقامی حلقوں کے لیے صدمے کا باعث بنی ہے، جبکہ متاثرہ خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد نے راما دیوی اور نیہا بوملی کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔