حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز میں ریلیف پیکج پر اتفاق، عملدرآمد شروع

 ادائیگیوں کے طریقہ کار سے متعلق حکومت نوٹیفکیشن جلد جاری کریگی:پی پی ڈی اے 
 اسلام آباد(بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی حکومت اور پٹرولیم ڈیلرز کے درمیان فیول ریلیف پیکیج سے متعلق مذاکرات کامیاب ہو گئے ، جس کے بعد دونوں فریق ادائیگیوں کے طریقہ کار پر متفق ہو گئے اور پیکج پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے)کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے اہم اجلاس میں تمام زیر التوا امور طے پا گئے، جس سے فیول ریلیف پیکج پر عملدرآمد کی راہ ہموار ہو گئی ۔پی پی ڈی اے کی قیادت کے ساتھ اجلاس میں وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک اور وزارتِ پٹرولیم کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت ادائیگیوں کے طریقہ کار سے متعلق نوٹیفکیشن جلد جاری کرے گی، معاہدے کے تحت ڈیلرز کو واجب الادا رقوم سٹیٹ بینک کے ذریعے 48 گھنٹوں کے اندر ان کے اکائونٹس میں منتقل کر دی جائیں گی۔اجلاس کے دوران وزیرِ پٹرولیم نے آئندہ پالیسی سازی اور فیصلوں کے عمل میں سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کو مزید بہتر بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت اور ڈیلرز کے درمیان اتفاقِ رائے کے بعد معاملے پر جاری ڈیڈلاک بھی ختم ہو گیا ۔