موٹرسائیکل کی 104 ای چالان، 2لاکھ جرمانہ

 پولیس نے سکیم موڑ کے قریب قوانین کی خلاف ورزی پر موٹرسائیکل پکڑی، تھانہ میں بند کردی 
لاہور(کرائم رپورٹر)ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر لاہور ٹریفک پولیس کی کارروائیاں جاری ، سکیم موڑ کے قریب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں سینچری مکمل کرنے والی موٹرسائیکل پکڑی گئی، موٹرسائیکل کے 104 ای چالان نکل آئے،موٹرسائیکل کا مجموعی طور پر ایک لاکھ 97 ہزار 200 روپے جرمانہ واجب الادا ہے جس پر موٹرسائیکل کو تھانے بند کر دیا گیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق پٹرولنگ آفیسر علی رضا نے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سوار کو روک کر ریکارڈ چیک کیا تو موٹرسائیکل کے خلاف 104 ای چالان سامنے آئے، موٹرسائیکل سوار نے 98 مرتبہ بغیر ہیلمٹ ، 5 مرتبہ لین لائن کی خلاف ورزی کی تھی۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ ای چالان اور ڈیجیٹل چالان کے نادہندگان کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا،ای چالان نادہندہ سرکاری محکموں کو کلیئرنس کیلئے مراسلے بھی ارسال کر دئیے گئے ہیں۔