لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں میں کمی کے خلاف درخواست درج

لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں میں کمی کے خلاف درخواست درج

لاہور ہائیکورٹ میں حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کو چیلنج کرتے ہوئے ایک متفرق درخواست دائر کی گئی ہے۔

 جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی طرف سے دائر کی گئی اس درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے قیمتوں میں کی گئی یہ کمی نہ تو عالمی مارکیٹ کے حالات کے مطابق ہے اور نہ ہی بین الاقوامی معیار کے مطابق ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود مقامی سطح پر صارفین کو مکمل ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔ موجودہ قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار غیر شفاف ہے اور عوام کے ساتھ ناانصافی کا سبب بن رہا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا از سر نو تعین کیا جائے اور وفاقی حکومت کو ہدایت دی جائے کہ وہ قیمتوں کا تعین بین الاقوامی معیار، لاگت اور ٹیکس کے شفاف نظام کے تحت کرے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔یہ درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کیے جانے کا امکان ہے، اور اس کا مقصد قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں شفافیت اور عوامی مفادات کا تحفظ ہے۔