جعفر ایکسپریس دھماکے میں ریموٹ کنٹرول ڈیوائس استعمال ہوئے:ڈی آئی جی

 واقعہ ممکنہ طور پر بلوچستان سے پلان کیا گیا، حملہ آوروں کی شناخت  نہیں ہو سکی:  قائمہ کمیٹی  کو بریفنگ
 اسلام آباد(آئی این پی )ڈی آئی جی ریلوے پولیس نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز   میں  انکشاف کیا ہے جعفر ایکسپریس دھماکے میں ریموٹ کنٹرول ڈیوائس اور چار سے پانچ ایکسپلوسوز استعمال کئے گئے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کا اجلاس کنوینئر رمیش لال کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں جعفر ایکسپریس دھماکے، ریلوے زمینوں کے استعمال اور کراچی فریٹ کوریڈور منصوبے سمیت اہم امور پر غور کیا گیا۔اجلاس کے آغاز میں ڈی آئی جی ریلوے پولیس نے جعفر ایکسپریس دھماکے سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں ریموٹ کنٹرول ڈیوائس اور چار سے پانچ ایکسپلوسوز استعمال کیے گئے۔ان کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، تاہم تحقیقات میں حساس ادارے شامل ہیں۔ڈی آئی جی نے کہا کہ واقعہ ممکنہ طور پر بلوچستان سے پلان کیا گیا تھا، جب کہ ریلوے پٹریوں کی نگرانی اور ایف سی کے ساتھ مشترکہ گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے، کمیٹی نے ٹرینوں میں جیمرز لگانے کی بھی سفارش کر دی۔