راولپنڈی: دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز سری لنکا کے خلاف پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم نے دن کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز سے کیا، تاہم کھیل شروع ہوتے ہی پاکستان کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا۔سری لنکن بولرز نے دن کے آغاز میں ہی دباؤ بڑھایا اور پاکستانی بیٹر اذان اویس کو 47 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس بھیج دیا۔ اذان اویس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی، تاہم وہ نصف سنچری مکمل نہ کر سکے۔واضح رہے کہ اس میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کی پوری ٹیم صرف 98 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔میچ کے پہلے روز کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے تھے۔ طیب عارف 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ محمد طحٰہ اور کپتان بابر اعظم 8، 8 رنز بنا سکے۔