مریم نواز کا خوشحال دیہات پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ، 44 دن کی ڈیڈ لائن مقرر

  ہر گائوں کی ترقی     وہاں کے ے لوگوں کے ہاتھ میں دینا چاہتے ہیں، مکین کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کے فیصلے خود کر سکیں گے
 کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے ترقی کے عمل کو پائیدار بنانا چاہتے ہیں:وزیراعلی‘29 سال بعد کوآپریٹو سوسائٹیز پر عائد پابندی جزوی طور پر ختم
وزیراعلی سے سپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات‘ملک محمد احمد خان کی اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی  کامیابی پر مبارکباد ہونہار سکالر شپ اورلیپ ٹاپ سکیم پر خراج تحسین
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے دیہات کی ترقی کیلئے خوشحال دیہات پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پروگرام کے تحت گائو ں کی ترقی کے فیصلے وہاں کے مکین خود کریں گے، دیہات میں پکی گلیاں، ڈرینج سسٹم، گندے پانی کے نکاس کیلئے جوہڑ اور سولر سٹریٹ لائٹس لگائی جائیں گی، دیہی ترقیاتی منصوبے کوآپریٹو سوسائٹی ماڈل کے تحت مکمل کئے جائیں گے۔پروگرام کے پہلے مرحلے میں 485 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز قائم کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 1500 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز تشکیل دی جائیں گی۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے پروگرام کے آغاز کیلئے 44 دن کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے، اس مقصد کیلئے 29 سال بعد پنجاب میں کوآپریٹو سوسائٹیز پر عائد پابندی جزوی طور پر اٹھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔کوآپریٹو سوسائٹیز کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی کرے گی، جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے، ہر کوآپریٹو سوسائٹی کیلئے پانچ رکنی مینجمنٹ کمیٹی بھی قائم کی جائے گی، جس میں صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، خزانچی اور ایگزیکٹو ممبر شامل ہوں گے۔مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہر گائوں کی ترقی گائوں کے اپنے لوگوں کے ہاتھ میں دینا چاہتے ہیں، مکین کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کے فیصلے خود کر سکیں گے، کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے ترقی کے عمل کو پائیدار اور مثر بنانا چاہتے ہیں۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی ۔باہمی ملاقات میں ترقیاتی پراجیکٹس پر تبادلہ خیال اورعوامی فلاحی پراجیکٹس پر گفتگوکی گئی۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے اسمبلی امور سے متعلق وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو بریفنگ دی ۔سپیکرملک محمد احمد خان نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی تاریخ ساز کامیابی پر مبارکباد پیش کی اورطلبہ کیلئے ہونہار سکالر شپ اورلیپ ٹاپ سکیم پر خراج تحسین پیش کیا ۔سپیکرپنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے قصورمیںجاری بیوٹیفکیشن پلان اوردیگر پر اجیکٹس کو بھی سراہا۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے ترقیاتی پراجیکٹس پنجاب کی تا ریخ کا سنہرا باب ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ترقی کے سفر میں ہر طبقے کو شراکت دار بنایا ہے۔بچوں اورخواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے نئے ایکٹ کی تشکیل خوش آئند امر ہے۔