پنجاب میں سب سے بڑے سیلاب بحالی پروگرام کا تیز عمل جاری

پنجاب میں سب سے بڑے سیلاب بحالی پروگرام کا تیز عمل جاری

پنجاب میں تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب بحالی پروگرام پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔

 سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 2200 سے زائد ٹیموں اور 11 ہزار اہلکاروں نے سروے مکمل کیا ہے، جسے ریکارڈ ایک ماہ کے اندر شفاف طریقے سے انجام دیا گیا ہے۔سروے کے دوران 5 لاکھ 86 ہزار متاثرہ خاندانوں کا ڈیٹا جمع کیا گیا ہے، جس کے بعد متاثرین کو مالی امداد فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق، چانج پڑتال کے بعد 3 لاکھ 7 ہزار اہل افراد کا ڈیٹا بینک آف پنجاب کو بھیج دیا گیا ہے، اور اب تک 2 لاکھ 35 ہزار متاثرین کے بینک اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں۔

اس کے علاوہ، 2 لاکھ 5 ہزار اے ٹی ایم کارڈز پرنٹ کر کے متاثرین تک پہنچائے جا رہے ہیں، اور 30 ارب روپے متاثرین کے اکاؤنٹس میں منتقل کیے جا چکے ہیں۔ پنجاب کے 27 متاثرہ اضلاع میں قائم کیمپ سائٹس روزانہ شہریوں کو مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ پی آئی ٹی بی، پیلرا اور نادرا کی تصدیق کے بعد مستحق افراد کو رقم جاری کی جا رہی ہے۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے دوران شہریوں کی شکایات کے ازالے کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ امدادی عمل کو مؤثر، شفاف اور تیز رفتاری سے مکمل کیا جا سکے۔