دبئی، برج خلیفہ کے سامنے ہزاروں ڈرونز نے مائیکل جیکسن کی تصویر بنادی

دبئی، برج خلیفہ کے سامنے ہزاروں ڈرونز نے مائیکل جیکسن کی تصویر بنادی

متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں دنیا کی بلند ترین عمارت  برج خلیفہ کے سامنے ایک دلکش اور شاندار ڈرون شو پیش کیا گیا جس نے ہزاروں افراد کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔

اس منفرد شو میں ہزاروں ڈرونز نے فضا میں مل کر عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار مائیکل جیکسن کی دیوہیکل شبیہ تخلیق کی، جبکہ ان کے مشہور گانوں کی دھنیں بھی فضا میں گونجتی رہیں۔یہ لائٹ اینڈ ڈرون شو جدید ٹیکنالوجی، رنگ برنگی روشنیوں اور ہم آہنگ کوریوگرافی کا حسین امتزاج تھا، جس نے دبئی کی رات کو ایک یادگار منظر میں بدل دیا۔ تماشائیوں نے اس شاندار منظر کو اپنے موبائل فونز میں قید کیا اور سوشل میڈیا پر بھرپور انداز میں شیئر کیا۔اس خصوصی شو کا مقصد مائیکل جیکسن کو ان کی موسیقی، رقص اور عالمی سطح پر پاپ کلچر میں خدمات کے اعتراف میں خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ مائیکل جیکسن کو دنیا بھر میں “کنگ آف پاپ” کے لقب سے جانا جاتا ہے، جنہوں نے اپنے منفرد انداز سے موسیقی کی دنیا میں انقلاب برپا کیا۔

ان کا 1982 کا البم “Thriller” آج بھی دنیا کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا میوزک البم سمجھا جاتا ہے، جبکہ وہ اپنے کیریئر کے دوران لاتعداد ہٹ گانوں کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتے ہیں۔دبئی میں ہونے والا یہ شو نہ صرف ٹیکنالوجی کا شاہکار تھا بلکہ ایک ایسے لیجنڈ کو خراج تحسین بھی تھا جس کی موسیقی آج بھی دنیا بھر کے دلوں پر راج کرتی ہے۔