ریلوے کی مالیاتی کارکردگی میں بہتری ، ملازمین کے اربوں روپے کے واجبات تاحال بقایا

واجبات پر وزارت ریلوے اور وزارت خزانہ آمنے سامنے آگئے ہیں اوروزارت ریلوے نے تمام تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش 
اسلام آباد(آن لائن) ریلوے کی مالیاتی کارکردگی میں بہتری کے دعوے سامنے آرہے ہیں لیکن ملازمین کے اربوں روپے کے واجبات تاحال بقایا ہیں اورپاکستان ریلوے کے ریٹائرڈ اور حاضر سروس ملازمین کے واجبات 21 ارب 36 کروڑ ہوگئے ہیں۔دستاویزات کے مطابق ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے معاملے پر وزارت ریلوے اور وزارت خزانہ آمنے سامنے آگئے ہیں اوروزارت ریلوے نے تمام تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کر دیں۔دستاویز کے مطابق وزارت خزانہ نے متعدد مرتبہ درخواستوں کے باوجود اضافی فنڈز مختص نہیں کیے۔ 8 ارب 19 کروڑ کی اضافی گرانٹ کی سمری دسمبر 2025 سے زیر التوا ہے۔ اضافی گرانٹ کی سمری پانچ ماہ سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے ایجنڈے پر نہیں لائی گئی۔ مارچ 2023 کے بعد ریٹائر ہونے والے ملازمین کو واجبات کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ ریٹائر ہونے والے ملازمین کے 5578 گریجویٹی کلیمز کی مد میں 10 ارب روپے واجب الادا ہیں۔وزیراعظم معاونت پیکج کے تحت 4135 کلیمز کی مد میں 7 ارب 52 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ میرج گرانٹ کی مد میں ایک ارب 18 کروڑ، بنوولنٹ فنڈ گرانٹ کی مد میں ایک ارب 52 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ گزشتہ مالی سال ریلوے کا ریوینیو 93 ارب تھا جبکہ گرانٹ کی مد میں حکومت سے 64 ارب روپے وصول کیے گئے۔