معیشت کا اہم ترین شعبہ ، جو زرمبادلہ اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے
اسلام آباد(آن لائن)پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اورگذشتہ مالی سال کے دوران یہ برآمدات3.8ارب ڈالر سے زیادہ رہیں ۔پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ(پی ایس ای بی)کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات (آئی ٹی ایس)کی برآمدات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔رواں مالی سال 2024-25 میں جولائی سے اپریل کے دوران آئی ٹی برآمدات 3.812 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ پچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ سال 2023-24 میں یہ آمدنی 3.223 ارب ڈالر رہی تھی۔حکومت نے آئی ٹی سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں جن میں فری لانسرز کی سپورٹ، نئی ٹیکنالوجیز پر توجہ، اور خصوصی اکنامک زونز میں مراعات شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے مارکیٹ ڈائیورسیفیکیشن، سکِل ڈویلپمنٹ اور انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ سال 2025 کے لیے مزید بلند ہدف مقرر کیے گئے ہیں، جن میں 7.5 ارب ڈالر تک برآمدات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ آئی ٹی سیکٹر پاکستان کی معیشت کے لیے اہم ترین شعبہ بن چکا ہے، جو زرمبادلہ کے حصول کے علاوہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔