مقابلے کے بعد فرار 3 ڈاکوئوں کی تلاش تیز

ایک ڈاکو مارا گیا ،3ڈرائیور سے گاڑی چھین کر فرار ہو گئے تھے 
لاہور(کرائم رپورٹر)کاہنہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے بعد فرار ہونے والے تین ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے پنجاب پولیس نے مختلف اضلاع میں کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے فرار کے دوران ایک ٹیکسی ڈرائیور کو اغوا کرکے اس کی گاڑی چھین لی۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق ڈاکوؤں نے ڈرائیور کو یرغمال بنا کر گاڑی پر سکھیکی کی جانب فرار ہونے کی کوشش کی۔ دو ملزمان اگلی نشستوں پر بیٹھے جبکہ تیسرا ساتھی مغوی ڈرائیور کے ساتھ پچھلی سیٹ پر موجود رہا۔ سکھیکی کے قریب گاڑی کا پیٹرول ختم ہونے پر تینوں ملزمان گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان میں سے ایک ڈاکو پولیس مقابلے کے دوران زخمی بھی ہوا تھا۔ بعد ازاں ان کا گجرات پولیس سے بھی مقابلہ ہوا، جہاں سے وہ فائرنگ کرتے ہوئے جہلم کی طرف فرار ہوگئے۔ذرائع کے مطابق ملزمان نے جہلم کے علاقے دینہ کے ایک دیہی مقام پر پناہ لے رکھی ہے، جہاں پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے۔ لاہور سے ایس ایس پی آپریشنز توقیر نعیم کی قیادت میں خصوصی ٹیم بھی دینہ پہنچ چکی ہے، جبکہ سی سی ڈی پنجاب اور جہلم پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔واضح رہے کہ اتوار کی شام گجومتہ کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ تین فرار ہوگئے تھے، جن کی تلاش اب بھی جاری ہے۔