کینال روڈ توسیعی منصوبہ نظر انداز

  منصوبہ کے لئے 2 ارب 80 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا،چار یوٹرن اور پیدل چلنے والوں کے لئے پل بھی تعمیر کئے جانے تھے
لاہور ( کرائم رپورٹر) شہر لاہور کے سب سے بڑے سگنل فری کوریڈور کی توسیع حکومتی ترجیحات سے نکل گئی۔ گزشتہ 9 برس میں برسر اقتدار کسی بھی حکومت نے کینال روڈ توسیعی منصوبہ پر عمل نہ کیا۔ سات سال سے بجٹ میں شامل کینال توسیعی منصوبہ بجٹ سے نکال دیا گیا۔ ہربنس پورہ سے بی آر بی تک تین لین پر مشتمل سڑک تعمیر کی جانی تھی۔ تفصیلات کے مطابق 2016 کے بعد ہر سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کینال روڈ توسیعی منصوبہ عمل در آمد کا منتظر ہے۔ گزشتہ 9 برس میں برسر اقتدار کسی بھی حکومت نے کینال روڈ توسیعی منصوبہ پر عمل نہ کیا۔شہباز شریف کے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب دور میں کینال روڈ توسیعی منصوبہ تیار کیا گیا ،اس دور حکومت میں مال روڈ سے ہربنس پورہ تک کینال روڈ کی توسیع کی گئی ، توسیعی منصوبہ کے دوسرے فیز میں ہربنس پورہ سے بی آر بی کینال تک سڑک کی توسیع کی جانی تھی، سات سال سے شامل منصوبہ بجٹ سے نکال دیا گیا۔ ہربنس پورہ سے بی آر بی تک تین لین پر مشتمل سڑک تعمیر کی جانی تھی۔موجودہ صورتحال میں ہربنس پورہ سے بی آر بی تک سڑک دو لین پر مشتمل ہے،نہر کیدونوں اطراف چھ میٹر کی نئی لین بنائی جانی تھی۔ منصوبہ کے لئے 2 ارب 80 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا،4 یوٹرن اور پیدل سوار پل بھی بنائے جانے تھے۔ کئی مالی سال گزر گئے مگر کینال روڈ توسیعی منصوبہ صرف ٹینڈرز تک محدود رہا۔ پنجاب حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں کینال روڈ توسیعی منصوبہ کو شامل ہی نہیں کیا۔