ایران اسرائیل جنگ،خلائی مخلوق مدد کیلئے آرہی ہیں: خاتون کا دعویٰ

اس ماہ آسمان پر مدر شپ نظر آنا شروع ہو جائیگی،پرانا قابض زمینی نظام اب کمزور ہو چکا ہے، ایملی ایٹن 
واشنگٹن (آئی این پی ) امریکا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اسرائیل جنگ میں خلائی مخلوق مدد کیلئے آرہی ہیں،اس ماہ آسمان پر مدر شپ نظر آنا شروع ہو جائے گی،پرانا قابض زمینی نظام اب کمزور ہو چکا ہے۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک پر ڈیوائن میجک کے نام سے مشہورخاتون ایملی ایٹن کا کہنا ہے کہ وہ نہ صرف خلائی مخلوق بل کہ فرشتوں سے بھی ٹیلی پیتھی کے ذریعے رابطے میں ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ زمین پر جاری حالیہ ہنگامہ آرائیوں، خصوصا ًایران اور اسرائیل کے درمیان تنازع کے پیچھے انرجی کی ایک بڑی تبدیلی اور خلائی مخلوق کی آمد کا ہاتھ ہے۔ایملی کے مطابق ایک ایلین لیلِتھ نامی خلائی ہستی نے اسے پیغام دیا ہے کہ زمین پر توانائی کی کثافت بدل رہی ہے اور یہ تبدیلی انسانوں میں تھکن، دبائو اور انتشار کی شکل میں ظاہر ہو رہی ہے۔ان کے بقول ہمیں امید ہے کہ اس ماہ آسمان پر مدر شپ نظر آنا شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا پر ایک پرانا نظام قابض تھا جو اب کمزور ہو چکا ہے، لیکن وہ اپنی طاقت کھونے کے باوجود جھوٹ اور خوف کے ذریعے انسانوں پر کنٹرول قائم رکھنا چاہتا ہے۔