ناروے کے شہر ڈرامن میں خوفناک آتشزدگی کے باعث 100 سے زائد لکڑی سے بنے جڑے ہوئے مکانات جل کر خاکستر ہو گئے، جبکہ فائر بریگیڈ اور امدادی ادارے آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق آگ تیزی سے پھیلنے کے باعث متاثرہ علاقوں سے شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق شدید گرمی، تیز ہواؤں اور لکڑی سے تعمیر شدہ عمارتوں کی موجودگی کے باعث آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے متعدد رہائشی عمارتیں مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئیں۔آگ پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹرز اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں، جبکہ فضائی کارروائیوں کے لیے ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ آگ کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے کے قریب جانے سے گریز کریں اور امدادی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، کیونکہ آگ پر تاحال مکمل قابو نہیں پایا جا سکا۔مقامی حکام کے مطابق تیز ہوائیں، گرم موسم اور آگ سے بچاؤ کے محدود انتظامات اس بڑے سانحے کی شدت میں اضافے کا سبب بنے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جدید نارویجیئن تاریخ کی سب سے بڑی آتشزدگیوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔