پاکستان کی نئی مس ورلڈ پاکستان 2026 انیقہ معراج رواں سال ویتنام میں ہونے والے مس ورلڈ کے 75ویں سالگرہ ایڈیشن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔
یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ پاکستان باقاعدہ طور پر مس ورلڈ کے عالمی مقابلے میں شریک ہوگا، جسے ملکی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔مس ورلڈ انتظامیہ کے مطابق مقابلے کا 75واں ایڈیشن 9 اگست سے 5 ستمبر تک ویتنام میں منعقد ہوگا، جہاں دنیا بھر سے مقابلہ حسن کی فاتح امیدواریں شریک ہوں گی۔24 سالہ انیقہ معراج بزنس اور اکنامکس کی گریجویٹ ہیں، جنہوں نے اکاؤنٹنگ اور آڈٹنگ میں تخصص حاصل کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں اسٹیٹ آتھرائزڈ پبلک اکاؤنٹنٹ بننا چاہتی ہیں اور ساتھ ہی بچوں کے حقوق اور بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے بھی فعال کردار ادا کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔انیقہ معراج کی تاج پوشی کی تقریب لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں مس پاکستان یونیورسل 2022 ڈاکٹر شفق اختر اور مسٹر پاکستان ورلڈ عطاء اللہ گجر نے انہیں تاج پہنایا۔
مس پاکستان ورلڈ کے منتظمین کے مطابق انیقہ معراج کو بین الاقوامی بیوٹی مقابلوں کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ اب تک چھ عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں اور چار اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں۔اگرچہ مس ورلڈ میں یہ پاکستان کی پہلی باقاعدہ شرکت ہوگی، تاہم حالیہ برسوں میں پاکستان کی نمائندگی دیگر عالمی مقابلہ حسن، بشمول مس یونیورس، میں بھی کی جا چکی ہے، جہاں ایریکا رابن اور روما ریاض نے پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔منتظمین کا کہنا ہے کہ ویتنام میں انیقہ معراج کی شرکت عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے اور اس سے ملک کی مثبت شناخت کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔