ویب ڈیسک: پاکستان کی ٹک ٹاک اسٹار اور اداکارہ جنت مرزا نے اپنے کیریئر میں ایک نیا قدم اٹھاتے ہوئے پہلی بار اردو فلیکس کی نئی پروڈکشن میں بطور میزبان (ہوسٹ) شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
جنت مرزا نے انسٹاگرام اسٹوری پر اردو فلیکس کی آفیشل پوسٹ ری شیئر کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی۔ اردو فلیکس نے اپنی پوسٹ میں لکھا: "انتظار کی گھڑیاں ختم! جنت مرزا ہمارے آنے والے شو میں جلوہ گر ہونے جا رہی ہیں۔ تیاری کیجیے ایک یادگار انکشاف کے لیے!"اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں اور نیک خواہشات کے پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، اور جنت کے چاہنے والے ان کے نئے سفر کے لیے پرجوش ہیں۔یاد رہے کہ جنت مرزا نے اس سے قبل پنجابی فلم "تیرے باجرے دی راکھی" سے اداکاری میں ڈیبیو کیا تھا اور اب وہ ہوسٹنگ کی دنیا میں بھی قدم رکھ رہی ہیں۔یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنت مرزا اپنی سالگرہ اور عمر کے تنازعے پر خبروں میں رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 24 برس کی ہو چکی ہیں، جبکہ گوگل پر ان کی عمر 28 برس درج ہے، جسے انہوں نے ہنسی مذاق میں نظر انداز کر دیا۔
جنت مرزا اس سے پہلے بھی مختلف موضوعات پر سوشل میڈیا پر زیر بحث رہ چکی ہیں، چاہے وہ شادی سے متعلق افواہیں ہوں یا حج کے دوران پوسٹ کی گئی ویڈیوز۔ خاص طور پر ایک ویڈیو، جس میں انہوں نے خالی جہاز دکھایا تھا، انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے وضاحت دی کہ یہ منظر انہوں نے صرف COVID-19 کے دور میں دیکھا تھا۔مداحوں کی نظریں اب جنت مرزا کے اس نئے شو پر ہیں اور دیکھنا یہ ہے کہ وہ ہوسٹنگ کے میدان میں کس حد تک کامیابی حاصل کرتی ہیں۔ تاہم، ان کی مقبولیت اور کیمرے کے سامنے اعتماد بلاشبہ اس پروجیکٹ کو یادگار بنا سکتا ہے۔