ٹائیگر شروف کی فٹبال میں انٹری، ڈورنڈ کپ میں ممبئی ایف سی کی نمائندگی کا امکان

ٹائیگر شروف کی فٹبال میں انٹری، ڈورنڈ کپ میں ممبئی ایف سی کی نمائندگی کا امکان

بالی ووڈ کے معروف ایکشن اسٹار ٹائیگر شروف جلد ہی اداکاری کے ساتھ فٹبال کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے نظر آ سکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹائیگر شروف کاروباری شخصیت علی احمد کے فٹبال کلب ممبئی ایف سی کی جانب سے 135ویں ڈورنڈ کپ میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم کے ساتھ باقاعدگی سے ٹریننگ کر رہے ہیں اور ان کی فٹنس و کھیل کی صلاحیتوں نے کوچنگ اسٹاف کو بھی متاثر کیا ہے۔رپورٹس کے مطابق ٹائیگر شروف کی مسلسل محنت مستقبل میں انہیں ممبئی ایف سی کا مستقل رکن بنانے کی راہ بھی ہموار کر سکتی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ ٹائیگر شروف اور ممبئی ایف سی کی ٹیم 30 جولائی کو ڈورنڈ کپ کے میچز کے لیے شیلانگ روانہ ہوگی۔

تاہم اس حوالے سے نہ تو ٹائیگر شروف اور نہ ہی ممبئی ایف سی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے آئی ہے۔واضح رہے کہ ٹائیگر شروف اپنی غیرمعمولی فٹنس کے باعث شہرت رکھتے ہیں۔ وہ مارشل آرٹس، جمناسٹکس، پارکور اور ہائی انٹینسٹی ورک آؤٹس میں مہارت رکھتے ہیں، جبکہ مسابقتی فٹبال میں ممکنہ شرکت کو ان کی کھیلوں سے گہری دلچسپی کا نیا اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔