اردن کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے داغے گئے متعدد میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔
اردنی مسلح افواج کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے ایرانی میزائلوں کو اردنی فضائی حدود یا اس کے قریبی علاقے میں روک لیا، جس کے نتیجے میں ملک کو کسی جانی یا مالی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اردن نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کارروائی کے دوران ایران کے 10 میزائل مار گرائے گئے، تاہم مختلف ذرائع میں میزائلوں کی تعداد سے متعلق مختلف اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔اردنی حکام کے مطابق میزائلوں کا ملبہ محفوظ طریقے سے ہٹا دیا گیا ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔اردن کی فوج نے کہا ہے کہ ملک اپنی خودمختاری اور فضائی حدود کے تحفظ کے لیے کسی بھی خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے اور قومی سلامتی کو متاثر کرنے والی کسی بھی کارروائی کو ناکام بنایا جائے گا۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے اس سے قبل دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس نے خطے میں موجود امریکی اہداف کے خلاف میزائل حملے کیے ہیں۔ تاہم اردن نے واضح کیا ہے کہ اس کی کارروائیاں کسی فریق کی حمایت نہیں بلکہ اپنی سرزمین اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہیں۔خطے میں جاری کشیدگی کے باعث مختلف ممالک کے فضائی دفاعی نظام ہائی الرٹ پر ہیں، جبکہ صورتحال پر عالمی سطح پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔