لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کو شہر بھر میں 39 ہزار سے زائد خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کا بڑا چیلنج درپیش ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ 15 برس کے دوران لاہور کی چھ ڈویڑنوں میں اے کیٹیگری کے ایک ہزار 32 اور بی کیٹیگری کے 37 ہزار 943 اشتہاری تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔ اعداد و شمار کے مطابق صدر ڈویڑن میں سب سے زیادہ اے کیٹیگری کے 250 اور بی کیٹیگری کے 7 ہزار 852 اشتہاری مفرور ہیں، جبکہ ماڈل ٹاؤن ڈویڑن میں اے کیٹیگری کے 165 اور بی کیٹیگری کے 7 ہزار 931، کینٹ ڈویڑن میں اے کیٹیگری کے 177 اور بی کیٹیگری کے 7 ہزار 580، سٹی ڈویڑن میں اے کیٹیگری کے 252 اور بی کیٹیگری کے 5 ہزار 354، سول لائنز ڈویڑن میں اے کیٹیگری کے 69 اور بی کیٹیگری کے 4 ہزار 679، جبکہ اقبال ٹاؤن ڈویڑن میں اے کیٹیگری کے 119 اور بی کیٹیگری کے 4 ہزار 547 اشتہاری قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن، انویسٹی گیشن اور سی سی ڈی ونگ کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں تاکہ انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔