خاویر میلئی سے جب سوال کیا گیا فائنل میچ دیکھنے کے لئے نیو جرسی جائینگے تو انہوں نے کہا نہیں گھر میں بیٹھ کر دیکھوں گا
بیونس آئرس (سپورٹس ڈیسک)ارجنٹینا کے صدر خاویر میلئی فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق خاویر میلئی ایک وہم کا شکار ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ارجنٹینا کی ٹیم کی جیت کا راز ان کے روزانہ کے معمول میں پوشیدہ ہے۔ارجنٹینا کی ٹیم کے فائنل میں پہنچنے کے بعد جب ارجنٹینا کے صدر سے یہ پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنے قریبی اتحادی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے کے لیے نیو جرسی جائیں گے؟انہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نہیں، میں فائنل گھر پر بیٹھ کر دیکھوں گا۔خاویر میلئی نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ میں نے گزشتہ تمام میچز بھی گھر پر بیٹھ کر ہی دیکھے ہیں، چونکہ ابھی سردی ہے تو جب سوئٹزر لینڈ کے خلاف میچ تھا تو میں نے ایک بھاری جیکٹ پہنی ہوئی تھی پھر جب مجھے اچانک محسوس ہوا کہ جیکٹ نے میرے جسم کو بہت زیادہ گرم کر دیا ہے تو میں نے جیکٹ اتار دی۔انہوں نے بتایا کہ میں نے جیسے ہی جیکٹ اتاری تو سوئٹزر لینڈ نے ہمارے خلاف ایک گول کر دیا، جس کے بعد میں نے جیکٹ دوبارہ پہن لی اور میچ ختم ہونے تک پہنے رکھی۔ارجنٹینا کے صدر نے کہا کہ میں اب فیفا ورلڈ کپ کا فائنل دیکھتے ہوئے بھی وہ جیکٹ پہنوں گا۔