پاکستان کیخلاف برطانوی سرزمین کے استعمال پر برطانوی حکومت متحرک

نفرت انگیز جرائم سے متعلق قوانین کا جائزہ آخری مرحلے میں ہے:برطانوی ہوم آفس
لندن (آئی این پی)پاکستان اور پاکستانی اداروں کے خلاف برطانوی سرزمین کے  استعمال پر برطانوی حکومت متحرک ہو گئی۔ برطانوی ہوم آفس کے مطابق احتجاج، آزادی اظہار اور نفرت انگیز جرائم سے متعلق قوانین کا جائزہ آخری مرحلے میں ہے ۔ رپورٹ پر حکومتی ردعمل جلد سامنے آئے گا۔برطانوی ہوم آفس نے واضح کیا ہے کہ برطانیہ میں پرامن احتجاج اور آزادی اظہار مطلق حقوق نہیں بلکہ ان کی واضح قانونی حدود موجود ہیں۔ احتجاج کے حق کو قانون کے دائرے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تشدد، دھمکی، خوف پھیلانے یا نفرت پر اکسانے کی کسی صورت اجازت نہیں۔ہوم آفس کے مطابق قانون کی خلاف ورزی کرنے والے مظاہرین کے  خلاف پولیس کو مکمل اختیارات حاصل ہیں۔ عوام کو ہراساں کرنے، خوف یا بے چینی پھیلانے والے مظاہروں پر قانونی پابندیاں بھی عائد کی جا سکتی ہیں۔ نفرت انگیزی اور دھمکی آمیز جرائم پر قانون پوری سختی سے نافذ کیا جائے گا۔